25 نومبر 2014 - 06:44
ایران کے ایٹمی مذاکرات میں چھے ماہ کی توسیع

جنیوا سمجھوتے کی مدّت میں یکم جولائی سنہ دو ہزار پندرہ تک توسیع کردی گئی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ویانا میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کا آخری دور اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ فریقین کے درمیان یہ مذاکرات، آج اپنی مقررہ تاریخ پر ختم ہوئے۔ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک نے آئندہ چند ہفتوں کے اندر جامع جوہری سمجھوتے کے حصول کیلئے مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ جنیوا سمجھوتے کی مدّت میں یکم جولائی سنہ دو ہزار پندرہ تک توسیع کردی گئی ہے۔ ایران کے ایک جوہری مذاکرات کار نے بھی مذاکرات کی مدت میں توسیع کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین کے درمیان مذاکرات کا عمل آئندہ سال یکم جولائی سے پہلے بھی مکمل ہوسکتا ہے۔ مذاکرات کی بنیاد پر طے پایا ہے کہ جنیوا معاہدے کی بنیاد پر ایران کا سرمایہ آزاد کئے جانے کا عمل جاری رہے گا اور ہر مہینے سات سو ملین ڈالر آزاد کئے جائیں گے۔امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے بھی سات روز تک جاری رہنے والے مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات، کافی پیچیدہ رہے تاہم مذاکرات میں حقیقی طور پر پیشرفت ہوئی ہے اور جامع جوہری سمجھوتے کے حصول کیلئے عنقریب پھر مذاکرات شروع کئے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ سفارتی حل ہی مسئلے کا بہترین طریقہ ہے۔ان مذاکرات کے حوالے سے ایران کے صدر اب سے تھوڑی دیر بعد ٹیلیویژن سے قوم کو خطاب کرنے والے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲